امریکی مسافر طیارہ 37 سال بعد دوبارہ نمودار؟

   

واشنگٹن، 29 جولائی (یو این آئی) امریکی مسافر طیارے کے 37 سال بعد دوبارہ نمودار ہونے کے واقعے کی اصل حقیقت سامنے آگئی، مقامی اخبار نے اس خبر کو دوبار شائع کیا تھا۔ یہ واقعہ جو اکثر سوشل میڈیا پر گردش کرتا رہتا ہے ، محض ایک افواہ ہے جس میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ایک امریکی مسافر طیارہ 37 سال بعد دوبارہ نمودار ہوا اور پھر بادلوں میں جاکر غائب ہوگیا۔ ایک فیس بک پوسٹ جو 5 مارچ 2021 کو شائع ہوئی اور ہندوستان و کینیا میں 75ہزار سے زائد بار شیئر ہوئی، دعویٰ کرتی ہے کہ پین ایم فلائٹ 914 نامی پرواز نے 1955 میں نیویارک سے اُڑن بھری اور تھوڑی ہی دیر میں ریڈار سے غائب ہوگیا اور پھر 37 سال بعد 1992 میں اچانک میامی، فلوریڈا میں اُتر آیا۔ اس من گھڑت واقعے کے مطابق اس مسافر طیارہ میں موجود 57مسافروں اور دیگر عملے کو اس بات کا علم ہی نہیں تھا کہ انہوں نے اتنا طویل عرصہ غائب رہنے کے بعد دوبارہ زمین دیکھی ہے ۔