واشنگٹن : امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون کا آئندہ ہفتے اسرائیل کا دورہ متوقع ہے جہاں وہ ایرانی نیوکلیئر معاملے کو زیر بحث لائیں گے۔میڈیا کے مطابق سولیون آئندہ منگل کے روز اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ اور وزیر خارجہ یائر لیپڈ سے ملاقات کریں گے۔ویانا میں ایرانی نیوکلیئر معاہدے سے متعلق مذاکرات کا ساتواں دور 29 نومبر (2021ء ) کو شروع ہوا تھا تاہم اس میں کوئی قابل ذکر پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ امریکہ اور یورپی ممالک نے ایرانی مذاکراتی وفد پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سابقہ چھ ادوار کے دوران طے پانے والے تمام امور سے دست بردار ہو گیا اور مغرب سے مزید رعائتیں طلب کر رہا ہے۔