واشنگٹن : اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اپنے عہدے کی مدت کے آخری دنوں میں چند اہم ریاستی دستاویزات غیر قانونی طور پر وائٹ ہاؤس سے اپنی نجی لگڑری پراپرٹی ’مار آ لاگو‘ لے گئے تھے۔ واشنگٹن پوسٹ کی اطلاعات کے مطابق نیشنل آرکائیوز کے ملازمین کو جنوری میں ڈبوں میں بند ایسی بہت سی دستاویزات ٹرمپ کی لگژری پراپرٹی سے واپس لانا پڑیں۔ ان میں شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اْن اور ٹرمپ کے پیشرو باراک اوباما کے خطوط بھی شامل تھے۔ امریکی قانون کے مطابق ملکی صدر کو اپنے عہدے کی مدت پوری ہونے پر تمام تر دستاویزات نیشنل آرکائیوز کے حوالے کرنا ہوتی ہیں۔ دریں اثناء ٹرمپ کے مشیروں نے کہا ہے کہ 75 سالہ ٹرمپ نے ایسا بری نیت سے نہیں کیا تھا۔