ٹرمپ نظم و نسق ہندوستان کیساتھ قریبی ربط میں کام کرنیکا پابند عہد ۔ جئے شنکر سے فون پر بات چیت
نئی دہلی ۔ ؍ واشنگٹن ۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا چناؤ کے بعد کسی بھی ملک سے اعلیٰ سطح کے پہلے دورہ میں امریکی وزیرخارجہ مائیکل پومپیو 25 تا 27 جون ہندوستان میں ہوں گے اور یہاں کی قیادت کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اسٹراٹیجک پارٹنر شپ کو تقویت دینے کی کوشش کریں گے۔ ان کا دورہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان جاپان کے اوساکا میں G-20 سمٹ کے موقع پر ملاقات سے قبل ہورہا ہے۔ اوساکا کی سمٹ 28 اور 29 جون کو مقرر ہے۔ وزارت امورخارجہ کے ترجمان رویش کمار نے میڈیا کو بتایا کہ پومپیو اپنے دورہ میں وزیرامور خارجہ ایس جئے شنکر کے ساتھ بات چیت منعقد کریں گے اور دیگر شخصیتوں سے ملاقات کریں گے۔ رویش کمار نے کہا کہ ہم اس دورہ کو دونوں فریقوں کے اہم موقع سمجھ رہے ہیں کہ انڈیا ۔ یو ایس اسٹراٹیجک پارٹنر شپ کو مزید مضبوط بنا سکے اور باہمی مفاد کے امور بشمول باہمی، علاقائی اور عالمی مسائل پر اعلیٰ سطح کی مشغولیت جاری رکھ سکے۔ قبل ازیں پومپیو نے واشنگٹن میں کہا کہ ٹرمپ نظم و نسق نئی دہلی کے ساتھ قریبی ربط میں کام کرنے کا پابند عہد ہے اور کلیدی نوعیت کی باہمی شراکت کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ پومپیو نے جئے شنکر کو وزیرامور خارجہ مقرر کئے جانے پر مبارکباد دینے کیلئے فون کیا اور اپنے مجوزہ دورہ کے بارے میں بات چیت بھی کی۔ پومپیو نے ہند۔ بحرالکاہل خطہ کو آزاد اور سب کیلئے کھلا رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ چین اس خطہ میں اپنی ملٹری موجودگی کو وسعت دینے کی کوشش کرتا رہا ہے جسے امریکہ تشویشناک سمجھتا ہے۔
