واشنگٹن : یوکرائن کی سرحد پر روس کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے یوکرائن کے دورے کا اعلان کردیا۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انتھونی بلنکن چہارشنبہ کو 2روزہ دورہ کے دوران یوکرائن کے صدر وولودیمیر زیلنسکی، وزیر خارجہ اور دیگر عہدے داروں سے ملاقات کریں گے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں روس کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے تناظر میں یوکرائن کی علاقائی خودمختاری اور سالمیت کے لیے امریکہ کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ نیڈ پرائس کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بطور وزیر خارجہ بلنکن کا یہ یوکرائن کا پہلا دورہ ہو گا۔ وہ یوکرائن میں اصلاحات کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت پر بھی حوصلہ افزائی کریں گے۔ یوکرائن جانے سے پہلے امریکی وزیر خارجہ جی سیون کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
