واشنگٹن ، 18 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر توانائی رک پیری رواں سال کے آخر میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں گے ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران یہ اطلاع دی ہے ۔ مسٹر ٹرمپ نے کہا ‘‘مسٹر ریک نے محکمہ وزارت توانا ئی میں بہترین کام کیا ہے لیکن تین برسوں کی مدت کار طویل عرصہ ہوتا ہے۔ وہ اواخر سال اپنے عہدے سے استعفی دے دیں گے ’’۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر ریک کی جگہ پر کرنے کے لئے انہوں نے دوسرا متبادل تلاش کرلیا ہے جو وزارت توانائی سنبھالیں گے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ اکتوبر کے اوائل میں امریکہ کے ڈیموکریٹک ممبران پارلیمنٹ نے مسٹر ریک سے سوالات کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔ دراصل مسٹر ریک کئی بار یوکرین کے دورے پر گئے تھے اور انہوں نے مسٹر ٹرمپ اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی کی بات چیت کے افشاء کے بعد یوکرین کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات بھی کی تھی۔