تل ابیب : امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل پہنچ گئے ہیں جو مشرق وسطیٰ کے ان کے دورہ کی پہلی منزل ہے۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے بعد ان کا یہ دورہ خطے میں امن قائم رکھنے کیلئے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اپنے اس تین روزہ دورہ میں وہ فلسطینی علاقوں کے علاوہ مصر اور اردن بھی جائیں گے۔ اس دوران وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو، فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس، مصر کے صدر عبد الفتّاح السّیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان جمعہ کے روز جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا جس پر اب تک عمل جاری ہے۔
