امریکی وزیر خارجہ کی ہند۔ پاک کے وزراء خارجہ سے فون پربات چیت

   

واشنگٹن:امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے جنوبی ایشیا کے دو بڑے ممالک پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے جس میں انہوں نے دونوں ممالک کے ساتھ مشترکہ امور پر تبادل خیال کیا۔امریکہ کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کے بیان کے مطابق وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے گفتگو میں امریکی صحافی ڈینئل پرل کے اغوا اور قتل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی پر گفتگو کی۔اس کے ساتھ ساتھ افغانستان میں امن عمل میں تعاون جاری رکھنے پر بھی بات چیت کی گئی۔دونوں ممالک میں باہمی تعلقات کو وسعت دینے پر بھی تبادل خیال کیا گیا۔امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیرِ خارجہ سے گفتگو میں خطے میں استحکام کے لیے واشنگٹن ڈی سی اور اسلام آباد کے درمیان تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔انہوں نے بھی اپنے بیان میں پاکستان کی سپریم کورٹ سے ڈینئل پرل قتل کیس میں رہا ہونے والے احمد عمر سعید شیخ کے خلاف کارروائی پر زور دیا۔