ممبئی، 08 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امیر ترین شخص اور معروف صنعتکار مکیش امبانی کے ڈیجیٹل ریلائنس پلیٹ فارمس نے امریکہ کی معروف ایکوئٹی کمپنی وسٹا ایکوئٹی پارٹنر کے ساتھ جمعہ کے روز 11367 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ امریکہ کی پرائیویٹ ایکوئٹی فرم وسٹا ایکوئٹی پارٹنرس نے ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آر آئی ایل) کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم جیو پلیٹ فارم میں 2.32 فیصد حصہ داری خریدی ہے ۔ یہ سودا 11،367 کروڑ روپے میں ہوا ہے ۔ اس سے پہلے دنیا کی معروف سوشل میڈیا کمپنی فیس بک نے جیو پلیٹ فارمس میں 43754 کروڑ روپے سرمایہ کاری سے 9.99 فیصد اور ٹیکنالوجی سرمایہ کار سلور لیک نے 5655.75 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے 1.15 فیصد ایکوئٹی خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔
