چینائی یو ایس کونسلیٹ کی شکایت پر پولیس کارروائی
حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) امریکی ویزا کیلئے جعلی سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے معاملہ میں تین افراد کو گرفتار کیا گا جن میں دو کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ امریکہ کے ویزا کیلئے ملازمت کے تجربہ سے متعلق جعلی سرٹیفکیٹ کی پیشکشی پر چینائی میں واقع یو ایس کونسلیٹ نے پولیس میں شکایت کی۔ چینائی سٹی پولیس کی سنٹرل کرائم برانچ کے پاسپورٹ انویسٹی گیشن ونگ نے دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل اینڈ مینجمنٹ میں ہوٹل مینجمنٹ ڈپلوما سرٹیفیکٹ اور حیدرآباد کے میریٹ ہوٹل اینڈ کنونشن سنٹرکے جعلی ایکسپیرینس سرٹیفکیٹ پیش کرتے ہوئے اجئے کمار بھنڈاری نے ورک ویزا کیلئے درخواست داخل کی تھی۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ڈریم فار اوورسیز کنسلٹنسی پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ذریعہ یہ جعلی سرٹیفکیٹ تیار کئے گئے تھے۔ خانگی ادارہ سے تعلق رکھنے والے بالا نندیشور راؤ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ نظام آباد میں سائی بیل ٹکنالوجی سے تعلق رکھنے والے کے مہیش کو بھی پولیس نے حراست میں لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جعلی سرٹیفکیٹس کی تیاری کیلئے امیدواروں سے پانچ تا چھ لاکھ روپئے وصول کئے جارہے تھے۔1