سوشیل میڈیا کھاتوں کی بھی تفصیلات طلب ، مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش
حیدرآباد۔27۔جون(سیاست نیوز) امریکی ویزاکے حصول کے لئے داخل کی جانے والی درخواستوں میں گذشتہ 5سال کے دوران کئے جانے والے سفر کی تفصیلات پیش کرنے کی شرط کے بعد اب امریکی سفارتخانوں نے ویزادرخواست داخل کرنے والوں سے گذشتہ 5برسوں کے دوران استعمال کئے جانے والے سوشل میڈیا کھاتوں کی تفصیلات طلب کرنی شروع کردی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ غیر قانونی مہاجرین کے علاوہ ایسے افراد کو امریکہ میں داخل ہونے سے روکنے کے اقدامات کے طور پر یہ تفصیلات طلب کی جار ہی ہیں جو کہ امریکہ کی سالمیت کے لئے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ امریکی درخواست گذار جو کہ نان امیگرینٹ ویزاکے حصول کیلئے DS-160 داخل کرتے ہیں اس میں اب تک جو تفصیلات حاصل کی جاتی تھیں ان میں گذشتہ 5سالوں کے دوران جن ممالک کا سفر کیا گیا ہے اس کی تفصیلات حاصل کی جاتی تھیں اور 2019 سے امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے درخواست گذار کے سوشل میڈیا کھاتوں کی تفصیلات حاصل کی جا رہی تھیں تاکہ ان کے سوشل میڈیا کھاتوں پر کی جانے والی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جاسکے لیکن اب جو تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں اس کے مطابق درخواست گذار کو گذشتہ 5 برسوں کے دوران استعمال کئے گئے سوشل میڈیا کھاتوں کی تفصیلات پیش کرنی ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے ویزا کے لئے داخل کی جانے والی درخواستوں کی تنقیح میں پیدا کی جانے والی سختی کا مقصد امریکہ کو محفوظ ترین ملک بنانا ہے اور امریکہ مشتبہ افراد کے علاوہ دروغ گوئی کے ذریعہ امریکی سرحدوں میں داخل ہونے والوں کو روکنے کی کوشش کررہا ہے ۔ سوشل میڈیا کے ذریعہ امریکہ اور اسرائیل کی سرزنش کرنے والے کھاتوں پر رکھی جانے والی خصوصی نظر کے بعد اب ویزادرخواست گذاروں سے گذشتہ 5 سالوں کے دوران استعمال کئے جانے والے سوشل میڈیا کھاتوں کی تفصیلات طلب کئے جانے کے بعد ایسا محسوس ہورہا ہے کہ امریکہ اپنے اظہار خیال کی آزادی کے نظریہ کو ترک کرچکا ہے اور امریکی سرحد میں داخلہ کے خواہشمندوں سے ان تفصیلات کے حصول کے ذریعہ ان کی جائز کوششوں سے محروم کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے کیونکہ امریکی ویزاکے لئے درخواست داخل کرنے والوں میں نہ صرف اعلیٰ تعلیم کے حصول کے خواہشمند طلبہ شامل ہوتے ہیں بلکہ ایسے افراد بھی ویزا کیلئے درخواست داخل کرتے ہیں جو کہ امریکہ میں تجارت کرنے کے علاوہ وہاں موجوداپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے خواہاں ہوتے ہیں ۔3