امریکی و اسرائیلی ہتھیار رکھنے والا ماؤسٹ پارٹی گوریلہ دستہ خودسپرد

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ میں نکسلائیٹس کا عملاً صفایا، ڈی جی پی جی شیودھر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 3 جنوری (سیاست نیوز) امریکی و اسرائیلی ہتھیاروں سے لیس ماویسٹ پارٹی کے انتہائی اہم ترین گوریلہ دستے نے آج خودسپردگی اختیار کرلی۔ چھتیس گڑھ ریاست سے تعلق رکھنے والے پیپلز لبریشن گوریلہ آرمی کے بٹالین سے وابستہ 18 افراد بشمول کمانڈر دیوا نے آج تلنگانہ پولیس کے سامنے خودسپردگی اختیار کرلی۔ عام زندگی میں خودسپرد ماوسٹوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈی جی پی تلنگانہ نے کہا کہ اب ماویسٹوں کے اس خطرناک دستے میں چند افراد ہی رہ گئے ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ریاست تلنگانہ مسٹر بی شیودھر ریڈی نے کہا کہ ماویسٹ تنظیم عملاً ختم ہوچکی ہے۔ تلنگانہ سے وابستہ صرف 17 افراد ماویسٹ تنظیم میں بچ گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز لبریشن گوریلہ آرمی کے کمانڈر بڈسے سکا عرف دیوا عرف درشن بھی خودسپرد ماویسٹوں میں شامل ہیں اس کے علاوہ تلنگانہ اسٹیٹ کمیٹی سے وابستہ ماویسٹ جوڑے نے بھی خودسپردگی اختیار کرلی ہے جن میں کنکا نالہ راجی ریڈی عرف وینکٹیش اور ان کی بیوی اڈلوری ایشوری عرف رامکو نے خودسپردگی اختیار کرلی۔ ایشوری چندرانا سی سی اسٹاف میں کمپیوٹر آپریٹر تھی۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ گوریلہ آرمی کے ان خودسپرد ماوسٹوں نے اپنے ہتھیار بھی پولیس کے حوالے کردیئے جن میں ایک امریکی اور ایک اسرائیلی ہتھیار شامل ہیں جبکہ 8 اے کے 47، 10 انساس رائفلس، 8 ایس ایل آر چار بی جی ایلز، 11 سنگل شاٹ ہتھیاروں کے علاوہ 2,206 کارتوس کو ضبط کرلیا۔ ڈی جی پی تلنگانہ نے بتایا کہ اس پیپلز لبریشن گوریلہ آرمی کے بٹالین نے ہوا میں ہیلی کاپٹر کو مارگرانے کی ٹکنالوجی کو بھی تیار کیا تھا اور اس پر عمل کرنے والے تھے۔ ریاست تلنگانہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں جاری ترقیاتی اقدامات اور خوشحالی کو دیکھ کر ماویسٹ خودسپرد ہورہے ہیں اور حکومت کی جانب سے انہیں بازآباد کاری کے بہترین مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ پیپلز لبریشن گوریلہ آرمی (پی ایل جی اے) کے خودسپرد ماوسٹوں نے ہتھیاروں کی بڑی مقدار کے علاوہ پولیس کو 25 لاکھ 30 ہزار روپئے بھی حوالے کردیا۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ گوریلہ آرمی بٹالین کا کمانڈر بڈسے سکا عرف دیوا عرف درشن 20 سال سے ماویسٹ تنظیم سے وابستہ ہے اور اس کمانڈر پر 75 لاکھ کا انعام رکھا گیا تھا۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ کنکالہ راجی ریڈی نے 1997ء میں ماویسٹ تنظیم میں خودسپردگی اختیار کی تھی۔ ڈی جی پی تلنگانہ نے بتایا کہ پیپلز لبریشن گوریلہ آرمی میں 400 سے زائد ماویسٹ تھے اور اب صرف 60 بچ گئے ہیں۔ انہوں نے ماویسٹ سنٹرل کمیٹی کے متعلق کہا کہ ماویسٹ پارٹی میں تلنگانہ سے وابستہ 17 سرکردہ ماویسٹ بچ گئے ہیں۔ انہوں نے روپوش اور تحریک میں سرگرم ماویسٹوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خودسپردی اختیار کرلیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے خودسپردگی اختیار کرتے ہوئے عام زندگی میں شامل ہونے والے ماوسٹوں کو خصوصی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور انہیں مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے بھی خودسپردگی پیاکیج فراہم کیا جارہا ہے۔ع