واشنگٹن۔ جیسے کمان سے نکلا تیر واپس نہیں آ سکتا ویسے ہی زبان سے ادا الفاظ کا واپس آنا بھی ممکن نہیں۔ کچھ ایسا ہی امریکی ٹی وی میزبان ٹامی لہرن کے ساتھ ہوا اور انھوں نے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی تعریفوں میں پل باندھتے ہوئے فرط جذبات میں انھیں ’الو‘ کہہ ڈالا۔ تفصیل کے مطابق ٹامی لہرن نے صدارتی انتخابات 2020 میں امریکہ میں مقیم انڈین شہریوں کو ٹرمپ کو ووٹ ڈالنے کی نصیحت کرتے ہوئے بنائی گئی اپنی تازہ ترین ویڈیو میں ٹرمپ کو ’الو‘ کی طرح عقل مند قرار دیا۔بس پھر کیا تھا یہ ویڈیو ٹوئٹر پر وائرل ہو گئی۔ ٹامی لہرن نے تو شاید ایسا غلطی سے ہی کیا لیکن سوشل میڈیا صارفین کو بحث کیلئے ایک نیا اور شاید انتہائی دلچسپ موضوع ہاتھ لگ گیا اور وہ دھڑا دھڑ ٹویٹس کرنے لگے۔