امریکی پابندیاں مسترد ، ایران اورچین میں معاہدہ

   

بیجنگ: چین نے ایران پر عائد امریکی پابندیاں مسترد کرکے تہران کے ساتھ معاہدہ کرلیا ۔ خبررساں اداروں کے مطابق چین میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ایک ملاقات کے بعد وزیر وانگ ژی نے کہا کہ بیجنگ حکومت ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015ء میں طے پانے والی عالمی نیوکلیئر معاہدے کی بحالی کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے کی بحالی میں درپیش مشکلات کا ذمے دار امریکہ ہی ہے۔ادھر ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ کے ساتھ 25 سالہ جامع تعاون کے معاہدے پر عمل شروع کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ وہ ایرانی صدر کا پیغام چینی ہم منصب کے لیے لے کر گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ چین دورے پر پابندیوں کے خاتمے سے متعلق ویانا مذاکرات کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ویانا میں چین اور روس کے نمایندہ ایران کے ایٹمی حقوق کی حمایت اور پابندیوں کے خاتمے کے لیے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مغربی فریق بھی حقیقت پسندانہ اور ایک اچھے معاہدہ کے لیے ویانا مذکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے۔ یاد رہے کہ امریکہ نے 2018ء میں سابق صدر ٹرمپ کے دور میں 2015ء میں ہوئے عالمی نیوکلیئر معاہدہ سے یک طرفہ علاحدگی کا اعلان کرکے ایران پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔