مادروطن کی خدمت کا جذبہ، وزیر پنچایت راج دیاکر راؤ نے افتتاح کیا
حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں غریبوں کو بہتر علاج کی سہولتوں کیلئے سرکاری دواخانوں میں انفرااسٹرکچر سہولتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد کے سی آر حکومت نے سرکاری دواخانوں کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی سے مریضوں کو شہر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ کی طرز پر عوام کے ہیلت پروفائیل کی تیاری کے علاوہ کورونا پر قابو پانے میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ امریکن اسوسی ایشن آف فزیشینس کی جانب سے منعقدہ مفت میڈیکل کیمپ کا وزیر پنچایت راج نے افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روزگار کی فراہمی کے علاوہ طبی سہولتوں کے معاملہ میں تلنگانہ نے انقلابی پیشرفت کی ہے۔ نئی صنعتوں کے قیام کے ذریعہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ وزیر پنچایت راج نے امریکن اسوسی ایشن آف فزیشنس کی ستائش کی جنہوں نے مادر وطن کی خدمت کے جذبہ کے تحت تلنگانہ کے دیہی علاقوں میں ہیلت کیمپس کے انعقاد کے ذریعہ غریبوں کی مدد کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں قیام کے باوجود مادروطن اور اپنے آبائی علاقوں کو یاد رکھنا قابل ستائش ہے۔ آزادی کے حصول کے 75 برسوں کی تکمیل کے ضمن میں اسوسی ایشن نے 75 دیہاتوں میں مفت میڈیکل کیمپس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ آندھرا پردیش، تلنگانہ، کرناٹک اور گجرات میں انتہائی پسماندہ دیہاتوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں میڈیکل کیمپس کے ذریعہ غریبوں کی مدد کی جائے گی۔ اسوسی ایشن نے جنگاؤں ضلع کے ایک موضع کا انتخاب کیا جو عوام کیلئے مسرت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس گاؤں سے تعلق رکھنے والے ناگیندر پرساد سان فرانسسکو میں ہندوستانی قونصل جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وزیر پنچایت راج کے مطابق مفت میڈیکل کیمپ میں معائنوں کے علاوہ ادویات فراہم کی جائیں گی۔ ماہر ڈاکٹرس کی جانب سے مریضوں کو واٹس ایپ کے ذریعہ طبی مشورے دیئے جائیں گے۔ ر