بیجنگ ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) چین نے امریکہ کے دفاعی بل میں جو کانگریس میں قانون سازی کیلئے پیش کیا گیا تھا، چین سے متعلق ’’منفی متن‘‘ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے امریکہ اور چین کے تعلقات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے جمعہ کے روز اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ دفاعی شعبہ میں کوئی قانون سازی کرنا چاہتا ہے تو ایسا کرنے سے اسے کوئی روک نہیں سکتا لیکن بل کے متن (ڈرافٹ) میں چین سے متعلق منفی رویہ اپنانا بھی ناقابل قبول ہے اور اگر نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ منظور ہوگیا تو اس سے چین اور امریکہ کے تعلقات میں مزید بگاڑ پیدا ہوگا کیونکہ بل میں ایک شق ایسی بھی رکھی گئی ہے جس کے تحت چین کو حساس نوعیت کی ٹکنالوجی فراہم نہ کرنا اور چینی کمپنیوں کو امریکی وفاقی فنڈس روک دینے کی حمایت کی گئی ہے۔ یاد رہیکہ گینگ شوانگ کا یہ بیان G-20 چوٹی کانفرنس میں صدر چین جن پنگ اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ہونے والی ملاقات سے صرف ایک روز قبل سامنے آیا ہے جہاں یہ امید کی جارہی ہیکہ دونوں قائدین اپنے اختلافات کی بات چیت کے ذریعہ یکسوئی کرلیں گے۔ بہرحال یہ توقع کی جارہی ہیکہ جن پنگ اور ٹرمپ کی ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
