امریکی کونسلیٹ کا نانک رام گوڑہ میں باقاعدہ خدمات کا آغاز

   

مادھاپور کا ویزا اپلیکیشن سنٹر برقرار، انٹرویوز کیلئے نئے کونسلیٹ میں سہولتیں
حیدرآباد۔20۔مارچ (سیاست نیوز) امریکی کونسلیٹ نے حیدرآباد میں نانک رام گوڑہ میں واقع اپنی نئی اور عصری عمارت سے باقاعدہ کام کا آج آغاز کردیا ۔ امریکی کونسل جنرل حیدرآباد جنیفر لارسن نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے اسٹراٹیجک باہمی تعاون میں آج ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 340 ملین ڈالر کے مصارف سے حیدرآباد میں کونسلیٹ کی نئی سہولت فراہم کی گئی ہے اور یہ سرمایہ کاری دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسلیٹ میں اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کی مساعی کی جائے گی جس کے تحت ویزا آفیسرس کی تعداد میں اضافہ ہوگا جس کے نتیجہ میں آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ حیدرآباد کا امریکی کونسلیٹ تلنگانہ ، آندھراپردیش اور اڈیشہ کے امور کا احاطہ کرتا ہے۔ امریکی کونسلیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مختلف شعبہ جات میں مستحکم ہیں جن میں اعلیٰ تعلیم اور ثقافتی پروگرامس شامل ہیں۔ فوجی سطح پر باہمی تعاون ، صحت ، ماحولیات اور تجارتی امور میں دونوں ممالک نے بہتر پیشرفت کی ہے۔ 2022 ء میں کونسلیٹ جنرل حیدرآباد کی جانب سے 18 ہزار اسٹوڈنٹ ویزا جاری کئے گئے ۔ امریکی کمپنیوں نے علاقہ میں ٹیکنیکل ، ڈیفنس ، ایرو اسپیس اور فارماسیوٹیکلس شعبہ جات میں کئی بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ثقافتی تحفظ سے متعلق ایمبیسڈر فنڈس کے تحت تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کونسلیٹ اسٹاف نے مقامی صحافیوں کے ذریعہ ماحولیاتی تبدیلی کے کوریج میں توسیع اور بے بنیاد خبروں کی تشہیر کو روکنے کی مساعی کی ہے۔ امریکی اور ہندوستانی افواج نے ایسٹرن نول کمانڈ وشاکھاپٹنم میں مشترکہ طور پر بحری مشقیں کی ہیں۔ امریکی کونسلیٹ کا حیدرآباد میں نیا آفس سروے نمبر 115/1 فینانشیل ڈسٹرکٹ نانک رام گوڑہ حیدرآباد ، تلنگانہ 500032 ء میں قائم کیا گیا ہے۔ امریکی شہری ایمرجنسی کونسلر خدمات کیلئے فون نمبر +91-040-69328000 پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔ امریکی شہری نان ایمرجنسی کونسلرس خدمات اور سوالات کیلئے ای میل [email protected] پر استفسارات روانہ کرسکتے ہیں۔ ویزا کے درخواست گزار جن کے انٹرویوز طئے کئے گئے، انہیں انٹرویو کیلئے نانک رام گوڑہ پہنچنا ہوگا۔ دیگر ویزا خدمات بشمول بائیو میٹرکس اپائنٹمنٹس ، ڈراپ باکس اپائنٹمنٹس اور پاسپورٹ پک اپ خدمات ، ہائی ٹیک سٹی میٹرو اسٹیشن مادھا پور میں واقع ویزا اپلیکیشن سنٹر میں جاری رہیں گی۔ کونسلرس سرویسز سے متعلق عام سوالات کے لئے فون نمبرات +91 1204844644 اور +91 2262011000 پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔ حیدرآباد میں امریکی کونسلیٹ 2008 ء میں تاریخی پائیگاہ پیالیس میں قائم کیا گیا تھا۔ 2017 ء میں نانک رام گوڑہ میں نئے کونسلیٹ کے تعمیری کاموں کا آغاز ہوا۔ نیا کونسلیٹ 12 ایکر اراضی پر محیط ہے۔ر