امریکی کونسلیٹ کے قریب پیس اینڈ سالیڈاریٹی تنظیم کا احتجاج

   

حیدرآباد۔ 4 جون (سیاست نیوز) آل انڈیا پیس اینڈ سالیڈاریٹی آرگنائزیشن نے آج حیدرآباد میں امریکی کونسل جنرل کو یادداشت روانہ کرتے ہوئے امریکہ میں پولیس حراست میں ہلاک سیاہ فارم جارج فلائڈ کو انصاف دلانے اور امریکہ میں امن کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ تنظیم کے صدر سابق ایم ایل سی کے یادو ریڈی، جنرل سکریٹری ڈاکٹر ڈی سدھاکر کے علاوہ ونود ریڈی، ٹی یادیا، ناگیشور، پروفیسر ڈی شراون اور کے ستیہ نارائنا نے کونسلیٹ کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکہ میں سیاہ فام افراد کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ پولیس عہدیدار نے غیر انسانی رویہ اختیار کرتے ہوئے جارج فلائڈ کو ہلاک کردیا جو نسل پرستی کی مثال ہے۔ واقعہ کے بعد امریکہ کے تمام شہروں میں احتجاج کا آغاز ہوا ہے۔ امریکہ کے علاوہ لندن، برلن، نیوزی لینڈ اور کینیڈا میں بھی احتجاج جاری ہے اور سیاہ فام افراد کے تحفظ کے لیے سوشل میڈیا پر مہم چلائی جارہی ہے۔ ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور نسلی حملوں کی روک تھام اور مساوی حقوق فراہم کرنے کی مانگ کررہے ہیں۔ تنظیم نے امریکی صدر سے مطالبہ کیا کہ وہ خاطیوں کو سزاء دیتے ہوئے ملک میں بحالی امن کے اقدامات کریں۔