کیف: یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ نے یوکرین کو فوجی امداد کی ترسیل دوبارہ شروع کر دی ہے۔انہوں نے جمعہ کی شب اپنے خطاب میں کہاکہ ہمیں اعلیٰ سطح پر سیاسی اشارے موصول ہوئے ہیں ، جن میں امریکہ اور ہمارے یورپی دوست شامل ہیں۔ تمام رپورٹس کے مطابق، امداد کی ترسیل بحال ہو چکی ہے۔زیلنسکی نے مزید کہا کہ یوکرینی فوجی حکام اگلے ہفتے امریکی خصوصی نمائندے کیتھ کیلگ کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ زیلنسکی نے کہا کہ ہم اگلے ہفتے امریکی فریق کے ساتھ فوجی سطح پر اپنا کام جاری رکھیں گے، خاص طور پر ہماری فوج جنرل کیلگ کے ساتھ کام کرے گی۔ ہم نئے یورپی دفاعی پیکجز کی تیاری بھی کر رہے ہیں۔ یوکرینی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کیلگ پیر کو کیف پہنچنے والے ہیں اور ان کا دورہ ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔