امریکی ہوم لینڈ سکیوریٹی کے کار گذار سربراہ مستعفی

   

واشنگٹن 12 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے کار گذار ہوم لینڈ سکیوریٹی سربراہ کیون مک الینن نے استعفی پیش کردیا ہے ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یہ بات بتائی ۔ وہ انتظامیہ سے دوری اختیار کرنے والے اعلی عہدیداروں میں تازہ ترین ہیں جنہوں نے استعفی پیش کیا ہے ۔ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ کیون مک الینن نے ہوم لینڈ سکیوریٹی کیلئے بہترین کام کیا ہے ۔ ہم نے مل کر اچھا کام کیا ہے جس کے نتیجہ میں بارڈر کراسنگ واقعات میں کمی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں کئی برس حذمات انجام دینے کے بعد کیون اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گذارنا چاہتے ہیں اور خانگی شعبہ سے وابستہ ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بہترین کام کی انجام دہی پر کیون کو مبارکباد دی ۔کیون کے مختصر سے دور میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ہونڈوراس ‘ گوئیٹی مالا اور ال سلواڈور کے تارکین وطن کی جانب سے سرحد عبور کرنے کے واقعات میں کمی لانے کے اقدامات کئے تھے ۔ کیون مک الینن نے اپنے ٹوئیٹ میں صدر ٹرمپ سے اظہار تشکر کیا ہے اور کہا کہ انہوں نے ہوم لینڈ سکیوریٹی محکمہ کے ساتھ انہیں کام کرنے کا موقع دیا تھا ۔