امریکی یونیورسٹیز اور کالجس میں داخلوں کیلئے حیدرآباد میں طلبہ کی رہنمائی

   

30 یونیورسٹیز پر مشتمل یو ایس ایجوکیشن فیر کا اہتمام، امریکی کونسل جنرل لارا ولیمس نے افتتاح کیا
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اگست (سیاست نیوز) ہندوستان میں امریکی سفارتخانہ اور کونسلیٹس کی جانب سے ایجوکیشن یو ایس اے یونیورسٹی فیر 2025 کا آج حیدرآباد میں انعقاد عمل میں آیا تاکہ امریکہ کی نامور یونیورسٹیز میں تلنگانہ کے طلبہ کو داخلوں کی رہنمائی کی جاسکے۔ ملک کے 8 بڑے شہروں میں ایجوکیشن فیر کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا اور حیدرآباد تیسرا شہر ہے۔ ایجوکیشن فیر میں امریکہ کی 30 مسلمہ یونیورسٹیز اور کالجس حصہ لے رہے ہیں۔ یو ایس ایجوکیشن فیر کا 9 اگست سے آغاز ہوا اور یہ ملک کے مختلف شہروں میں 17 اگست تک جاری رہے گا۔ چینائی ، بنگلور ، حیدرآباد ، نئی دہلی ، کولکتہ ، احمد آباد ، ممبئی اور پونے میں اہتمام کیا جارہا ہے۔ ایجوکیشن فیر میں بڑی تعداد میں طلبہ اور ان کے سرپرستوں نے شرکت کی اور امریکی یونیورسٹیز اور کالجس میں انڈر گریجویٹ ، گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ پروگراموں کے بارے میں معلومار حاصل کیں۔ حیدرآباد میں امریکی کونسل جنرل لارا ولیمس نے کہا کہ امریکی اداروں میں عالمی معیار کے کورسس موجود ہیں جن میں بزنس ، ہیومانیٹیز اور آرٹس کے شعبہ جات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں تعلیم کا حصول نہ صرف وقت بلکہ رقم اور مساعی کی سرمایہ کاری کی طرح ہے۔ انہوں نے بڑی تعداد میں طلبہ کی شرکت کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اسٹوڈنٹس ویزا کے حصول کے بعد امیدواروں کو امریکی قوانین کی پابندی کرنی چاہئے ۔ امریکی حکام عوام بشمول طلبہ کی جانب سے کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کرتے۔ طلبہ اور ان کے سرپرستوں نے امریکی یونیورسٹیز کے نمائندوں سے داخلہ کیلئے درکار ضرورتوں ، اسکالرشپ اور کیمپس کے بارے میں دریافت کیا۔ یو ایس کونسلیٹ کے عہدیداروں نے غذا کے حصول کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ہندوستان میں ایجوکیشن یو ایس اے کا پروگرام نئی دہلی ، چینائی ، کولکتہ ، ممبئی اور حیدرآباد میں دستیاب ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے امیدوار ویب سائیٹ : [email protected] سے استفادہ کرسکتے ہیں۔1