امریکی یونیورسٹی الینوائس ٹیک کے ممبئی کیمپس کو یو جی سی کی منظوری

   

ممبئی: الینوائس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، جسے شکاگو میں واقع ایک معروف امریکی یونیورسٹی سمجھا جاتا ہے ، ہندوستان میں اپنا پہلا کیمپس کھولنے والی امریکہ کی پہلی یونیورسٹی بن گئی ہے ۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) سے باضابطہ منظوری حاصل ہونے کے بعد، ممبئی میں 2026 کے موسم خزاں سے یہ نیا کیمپس تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کرے گا۔یہ ادارہ کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ اور کاروبار جیسے اہم شعبوں میں انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ کورسز فراہم کرے گا، جن کی مانگ عالمی سطح پر مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ ادارے کے صدر راج ایچمبادی کے مطابق ہندوستانی کیمپس اس نظریے کا تسلسل ہوگا جس کے تحت ہم نے ٹیکنالوجی تک رسائی کو ہر طالب علم کے لیے ممکن بنانے کا عزم کیا ہے ۔ اس کیمپس کے ذریعے ہم ملک بھر کے ذہین نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی سمت ایک نیا قدم اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ، الینوائس ٹیک کی جانب سے فراہم کیا جانے والا نصاب نہ صرف تعلیمی معیار میں بلند ہوگا بلکہ یہ صنعتی تجربے اور عملی تربیت پر مبنی ہوگا۔ ممبئی کیمپس میں امریکہ کے اساتذہ کی موجودگی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی شہرت یافتہ فیکلٹی بھی پڑھانے کی ذمہ داری سنبھالے گی۔اس ادارے کے تعلیمی نظام میں ’’ایلیویٹ‘‘پروگرام بھی شامل ہوگا، جو ہر طالب علم کو تحقیق، انٹرنشپ، اور عالمی سطح کے تعلیمی مقابلوں میں شرکت کا موقع فراہم کرتا ہے جس سے عملی زندگی میں کامیابی کے امکانات بڑھتے ہیں۔ تاریخی طور پر الینوائس ٹیک کا قیام 1940ء میں دو اداروں آرمر انسٹی ٹیوٹ اور لیوس انسٹی ٹیوٹ کے انضمام سے عمل میں آیا تھا۔