واشنگٹن : امریکہ کی سدرن کیلیفورنیا یونیورسٹی اپنے 700 سے زائد طالبات کے ساتھ جنسی زیادتی روکنے میں ناکامی پر 85.2کروڑ ڈالر تاوان ادا کرنے پر رضامند ہوگئی ۔ ان خواتین نے یونیورسٹی کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ کیا تھا کہ ایک ڈاکٹر نے مختلف اوقات میں انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا ۔ امریکی ریاست کیلی فورنیا کی سدرن کیلی فورنیا یونیورسٹی کی 710 سابق طالبات نے مقامی عدالت مید ائر مقدمے میں یونیورسٹی کے ماہر امراض نسواں ڈاکٹر جارج ٹنڈال پر جنسی زیادتی کے الزامات عائدکئے تھے ۔ یونیورسٹی کی سابق طالبات نے الزام عائد کیا تھا کہ ڈاکٹر جارج 1990 سے 2016 تک ان کے طبی معائنے کے دوران ان سے زیادتی کرتے رہے تھے اور اس حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کو بتایا بھی گیا تھا لیکن انہوں نے ڈاکٹر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی تھی ۔ کیلی فورنیا کے شہر لال اینجلس میں قائم یونیورسٹی نے ڈاکٹر جارج کو 2017 میں معطل کردیا تھا اور معاملے کو میڈیکل بورڈ کے حوالے کردیا تھا ۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جنسی زیادتی روکنے میں ناکامی کا اعتراف کرلیا گیا ہے اور وہ متاثرہ طالبات کو 85 کروڑ ڈالر سے زائد ہرجانہ دینے پر راضی ہوگئی ہے ۔
