امریکی یونیورسٹی کا متوفی ہندوستانی طالبہ کو ڈگری دینے کا فیصلہ

   

نیویارک : امریکی پولیس کی گاڑی سے ٹکرا کر ہلاک ہونے والی ہندوستانی طالبہ جھانوی کنڈولا کو یونیورسٹی نے ماسٹرز کی ڈگری دے دی۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آندھرا پردیش کی طالب علم جھانوی کنڈولا جوکہ رواں سال 23 جنوری کو امریکی شہر سیٹل میں پولیس کی تیز رفتار گاڑی سے ٹکرانے سے ہلاک ہوگئی تھیں، ان کی موت کے بعد یونیورسٹی نے ان کی ماسٹرز کی ڈگری ان کے والدین کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں امریکی پولیس اہلکار کوجھانوی کنڈولا کی حادثے میں موت کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہنستے ہوئے اور نسل پرستانہ تبصرہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس پر صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ جس کے بعد امریکہ کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی کے چانسلر نے اپنے ہندوستانی طلباء سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ ہماری یونیورسٹی کے تمام کیمپسز میں موجود طلباء اس سانحہ سے متاثر ہوئے ہیں۔