اس سال کا دوسرا چاند گہن آج ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 148 سال بعد ایسا اتفاق بنا ہے کہ چاند گہن گرو پورنیما کے دن لگے گا۔ ہندوستان میں چاند گہن رات 1 بج کر 29 منٹ پر شروع ہوگا اور 4 بج کر 31 منٹ تک رہے گا۔ اس چاند گہن کو اروناچل پردیش کے کچھ دور دراز شمال مشرقی حصوں کو چھوڑ کر پورے ہندوستان میں دیکھا جا سکے گا۔
ہندوستان میں چاند گہن 16 جولائی کی شب 1.31 بجے سے شروع ہوگا اور تقریباً 3 بجے سے گہن کا خاتمہ شروع ہوگا۔ یہ گہن 4.30 بجے تک پوری طرح سے ختم ہو جائے گا۔ خبروں کے مطابق ہندوستان میں چاند 17 جولائی کی صبح 5.25 بجے غروب ہو جائے گا۔ ہندو بھائیوں کے عقیدہ کے مطابق چاند پر گہن کا اثر اصل معنوں میں 9 گھنٹے پہلے سے ہی پڑنے لگتا ہے۔
امریکی اسپیس ایجنسی ناساسے ملی اطلاع کے مطابق ہاف بلڈ مون اکلپٹس آسٹریلیا، افریقہ، جنوبی امریکہ سمیت یورپ کے کئی حصوں میں دکھائی دے گا۔ ایشیا کی باتیں کریں تو ہندوستان، پاکستان، افغانستان، چین، سنگاپور، فلپائن، ملیشیا اور انڈونیشیا کے ساتھ ایران، عراق، ترکی اور سعودی عرب میں بھی اس چاند گہن کا نظارہ کیا جا سکے گا۔
سائنسدانوں کے مطابق چاند گہن کو دیکھنے کے لیے خاص احتیاط کی ضرورت نہیں ہوتی۔ چاند گہن پوری طرح سے محفوظ ہوتا ہے اس لیے آپ اسے ننگی آنکھوں سے دیکھ سکتے ہیں۔ اگر آپ دوربین کی مدد سے چاند گہن دیکھیں گے تو آپ کو یہ خلائی نظارہ بہت واضح شکل میں دکھائی دے گا۔ ایشیائی ممالک میں چاند کا 65 فیصد لال خون کی طرح نظر آئے گا۔
واضح رہے کہ 2019 کا پہلا چاند گہن ہندوستان میں دکھائی نہیں دیا تھا۔ حالانکہ امریکہ، گرین لینڈ، آئس لینڈ، آئرلینڈ، گریٹ برٹین، ناروے، سویڈن، پرتگال، فرانس اور اسپین میں لوگ اس دلچسپ نظارے سے لطف اندوز ہوئے تھے۔