انڈین یونین مسلم لیگ کے وفد کی ملاقات، بلدی انتخابات کے پیش نظر چوکسی کی اپیل
حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مجالس مقامی انتخابات سے عین قبل فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے لئے کی جارہی سازش کے خلاف پولیس کو چوکسی اختیار کرنی چاہئے۔ انڈین یونین مسلم لیگ تلنگانہ کے وفد نے ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کی جس میں پرانے پل کے حالیہ واقعہ کے پس منظر میں فرقہ پرست طاقتوں اور شر پسندوں کے خلاف کارروائی کی اپیل کی گئی۔ یادداشت میں کہا کہ حیدرآباد کی صدیوں قدیم ہندو۔ مسلم اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی مساعی کی جارہی ہے۔ ریاستی صدر محمد شکیل ایڈوکیٹ کی قیادت میں مفتی مجتبی حسین (جمعیۃ العلماء ہند)، مظہر شہید اور سید سمیع نے ڈی جی پی کو یادداشت پید کرتے ہوئے مجالس مقامی کے انتخابات کے پیش نظر چوکسی کی اپیل کی۔ وفد نے فرقہ پرستوں کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی بروقت چوکسی اور صورتحال پر قابو پانے کے اقدامات کی ستائش کی۔ پرانے پل واقعہ کے بعد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورتحال بگڑنے سے بچالیا۔ آئندہ بلدی انتخابات کے پیش نظر عوام میں خدشات پائے جاتے ہیں۔ ریاست بھر میں فرقہ پرست تنظیموں پر کڑی نظر رکھی جائے اور فرقہ وارانہ حساس علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرتے ہوئے شرپسندوں کی نگرانی کی جائے۔ وفد نے افواہوں اور غلط معلومات کی سوشیل میڈیا پر تشہیر کو روکنے کا مشورہ دیا۔ ڈی جی پی شیودھر ریڈی نے وفد کو یقین دلایا کہ پولیس امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔ 1