امن بگاڑنے کی کسی بھی کوشش سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت :چیف منسٹر

   

راجہ سنگھ کے بیان کے بعدحالات کا جائزہ، ضمنی چناؤ کو مذہبی رنگ دینے کی مذمت، چوکسی برقرار رکھنے پر زور

حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بہر صورت برقراری کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے گستاخانہ ویڈیو وائرل کئے جانے کے بعد حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں مسلمانوں کی جانب سے رات بھر احتجاج کی صورتحال پر چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کا کہنا ہے کہ بی جے پی منصوبہ بند انداز میں فرقہ وارانہ ماحول کو ہوا دینے کی کوشش کررہی ہے تاکہ منوگوڑو ضمنی چناؤ میں فائدہ ہو۔ چیف منسٹر نے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کیلئے ریاست بھر میں پولیس اور سیول حکام کو چوکسی کی ہدایت دی اور کہا کہ گزشتہ 8 برسوں کی طرح تلنگانہ کو فرقہ واریت کے زہر سے بچانے کیلئے سخت گیر قدم اٹھائے جائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے قریبی ساتھیوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا اور احتجاجیوں کے جذبات پر کنٹرول کیلئے راجہ سنگھ کی گرفتاری کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے نہ صرف حیدرآباد بلکہ اضلاع میں بھی عوامی نمائندوں اور مذہبی تنظیموں اور قائدین کا تعاون حاصل کرتے ہوئے امن و امان کی برقراری کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر کو عہدیداروں کی جانب سے بتایا گیا کہ راجہ سنگھ وقتاً فوقتاً دل آزار بیانات کے ذریعہ اکثریتی طبقہ میں مقبولیت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ حیدرآباد میں نہ صرف مسلمان بلکہ ہندو سماج سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی راجہ سنگھ کی گستاخی کو ناپسند کیا ہے۔ چیف منسٹر نے آئندہ 24 گھنٹوں تک چوکسی برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور کسی طرح کے احتجاج سے موثر انداز میں نمٹنے کا مشورہ دیا۔ مسئلہ کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے احتجاجیوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کی صلاح دی گئی تاکہ مسلم اقلیت کے جذبات مجروح نہ ہوں۔ واضح رہے کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما کی جانب سے گستاخانہ بیان کے فوری بعد بی جے پی نے انہیں پارٹی سے معطل کردیا تھا۔ نوپور شرما کی تائید پر نوین جندال کے خلاف بھی پارٹی نے کارروائی کی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ ضمنی چناؤ کو کسی بھی صورت میں فرقہ وارانہ رنگ دینے کی اجازت نہ دی جائے۔ بی جے پی تلنگانہ میں اپنے قدم جمانے کیلئے مختلف حربے استعمال کررہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شہر کی صورتحال کے بارے میں چیف منسٹر کو وقتاً فوقتاً آگاہ کرانے کی پولیس کو ہدایت دی گئی۔ اسی دوران وزیر داخلہ محمد محمود علی نے شہر کی صورتحال کے بارے میں پولیس عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں اور حیدرآباد میں امن و امان کو بہر صورت برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے تمام اضلاع کے پولیس عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند تمام ڈپٹی کمشنران اور ماتحت عہدیداروں کے ساتھ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ر