امن مذاکرات میں تعطل ختم کرنے کی مساعی

   

اعلی سطح کے افغان وفد کا دورہ پاکستان ۔ محمود قریشی سے ملاقات
اسلام آباد 3 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) طالبان کے ایک اعلی سطحی وفد نے وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور انہوں نے افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو بحال کرنے پر زور دیا ۔ یہ مذاکرات امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے بات چیت کو روکدینے کے اعلان کے بعد سے تعطل کا شکار ہیں۔ دفتر خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے مذاکرات کے علاوہ علاقائی صورتحال پر بھی اس وفد نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں تبادلہ خیال کیا ۔ قریشی نے افغان وفد سے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کا حل کوئی جنگ نہیں ہے ۔ وفد امکان ہے کہ اسلام آباد میں امریکی عہدیداروں سے بھی ملاقات کریگا ۔ طالبان کا دورہ پاکستان در اصل یہ چوتھا مرحلہ ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے روس ‘ چین اور ایران کا بھی دورہ کیا تھا ۔ دفتر خارجہ نے اعلان کیا کہ افغان وفد پاکستان کی دعوت پر یہ دورہ کر رہا تھا ۔ اس دورہ کے موقع پر امریکہ ۔ طالبان امن بات چیت کی بحالی کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ امریکہ کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان زلمئے خلیل زاد بھی پاکستان میں ہیں تاکہ بات چیت کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔