امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری حکومت کی اولین ترجیح

   

بی آر ایس اور بی جے پی کے الزامات مسترد، صدر ضلع کانگریس حیدرآباد سمیر ولی اللہ کا بیان
حیدرآباد۔/19 جون، ( سیاست نیوز) صدر ضلع کانگریس کمیٹی حیدرآباد سمیر ولی اللہ نے اپوزیشن پارٹیوں کو حکومت کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کیلئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت میں نظم و نسق امن و ضبط اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کیلئے مکمل غیرجانبداری کے ساتھ کام کررہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ اپوزیشن پارٹیاں اشتعال انگیز بیانات کے ذریعہ حکومت کو نشانہ بنارہی ہیں اور وہ صورتحال کو بگاڑنا چاہتی ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے عیدالاضحی سے عین قبل میدک میں پیش آئے فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کی مذمت کی اور الزام عائد کیا کہ بعض بی جے پی قائدین نے فساد بھڑکانے کی کوشش کی لیکن پولیس کی فوری کارروائی کے نتیجہ میں صورتحال کو بگڑنے سے بچالیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے مکمل غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تشدد اور کشیدگی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ ریاست بھر میں عیدالاضحی کے موقع پر امن و ضبط کی برقراری کیلئے حکومت نے وسیع تر انتظامات کئے تھے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ایک مضبوط قائد ہیں اور نظم و نسق پر ان کا مکمل کنٹرول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض فرقہ پرست طاقتیں ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول کو بگاڑنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کے سلسلہ میں حکومت پر عدم کارروائی کے الزامات کو مستردکردیا اور کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس قائدین پولیس پر تنقید کرتے ہوئے لاء اینڈ آرڈر مشنری کے حوصلے پست کرنا چاہتے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی تمام طبقات کی یکساں طور پر ترقی اور بھلائی کے حق میں ہیں۔ سابق بی آر ایس حکومت نے تمام طبقات کی یکساں ترقی کو نظرانداز کردیا تھا اور وزراء عوام کیلئے دستیاب نہیں تھے۔ کانگریس برسراقتدار آتے ہی ریاستی وزراء عوامی مسائل کی راست طور پر سماعت کررہے ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ ریاست میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنا کانگریس حکومت کی اولین ترجیح ہے۔1