امن و امان برقرار رکھنا ترقی یافتہ جمہوریت کی بنیاد : اوم برلا

   

امید ہے فوج ٹرینی افسران انصاف کے محافظ ثابت ہوں گے ، پارلیمنٹ کے احاطہ میں اورینٹیشن کورس کا افتتاح

نئی دہلی : لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پارلیمانی انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ٹریننگ ان ڈیموکریسی (PRIDE) کے زیراہتمام سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی، حیدرآباد میں زیر تربیت انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے ٹرینی افسران کے 75ویں بیچ کے لئے آج پارلیمنٹ کے احاطے میں طریقوں اور طریقہ کار پر مبنی ایک اورینٹیشن کورس کا افتتاح کیا گیا۔ اس باوقار سروس میں منتخب ہونے پر افسر ٹرینیز کو مبارکباد دیتے ہوئے برلا نے امید ظاہر کی کہ وہ انصاف کے محافظ کے طور پر اپنے فرائض کو انجام دیں گے اور ملک میں امن و امان کو بہترین طریقے سے برقرار رکھیں گے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ باوقار انڈین پولیس سروس کے لیے منتخب ہونا ان کی لگن، ذہانت اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے ، کیونکہ یونین پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو عالمی سطح پر اپنے متعلقہ شعبوں میں بہترین طالبعلم تسلیم کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ انڈین پولیس سروس کے افسران کے طور پر انہیں قانون و انصاف کی حکمرانی کو برقرار رکھتے ہوئے قوم کے لیے اپنا اہم رول ادا کرنے کا ایک بہترین موقع ملا ہے جو کہ ایک منصفانہ اور ترقی یافتہ معاشرے اور ترقی یافتہ جمہوریت کی بنیاد ہے ۔یہ کہتے ہوئے کہ افسران کے لیے پارلیمانی طریقہ کار کو جامع طور پر سمجھنا کتنا ضروری ہے ، مسٹر برلا نے جمہوری ڈھانچے کی ایگزیکٹو، قانون سازی اور عدالتی شاخوں کے درمیان ہم آہنگی کے ساتھ بقائے باہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پارلیمنٹ کو ملک کی حکمرانی کے لیے قوانین بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ، وہیں پولیس انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ ان قوانین پر عملدرآمد کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ قانون سازوں کے تجویز کردہ فوائد عوام تک پہنچیں ۔ملک بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے میں پولس انتظامیہ کی طرف سے ادا کیے جانے والے اہم رول کے بارے میں بات کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے خاص طور پر بدامنی کے وقت عوام کے اعتماد کو یقینی بنانے کی اپنی اہم ذمہ داری کا ذکر کیا۔ انہوں نے خاص طور پر بحران کے وقت پولیس فورس اور عوام کے درمیان اعتماد کو برقرار رکھنے کے پہلو کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ٹرینی افسران پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ امن عامہ کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انصاف ایک ایسا استحقاق ہے جو معاشرے کے ہر فرد کے لیے قابل رسائی ہو ، خواہ اس کی سماجی، معاشی یا سیاسی حیثیت کچھ بھی ہو۔مسٹر برلا نے کہا کہ کسی ملک کی عالمی پوزیشن اس کے امن و امان کی صورتحال سے بہت متاثر ہوتی ہے ، اس لیے امن و امان کو برقرار رکھنا نوجوان ٹرینی افسران کی اہم ذمہ داری ہے ۔پولیس انتظامیہ میں شفافیت اور جوابدہی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے احتساب اور شفافیت سب سے اہم ہے ۔