رچہ کنڈہ کے نئے پولیس کمشنر سدھیر بابو کا حصول جائزہ کے بعد میڈیا سے خطاب
حیدرآباد /13 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) امن و امان کی برقراری کیلئے ہر ممکنہ اقدام کیا جائے گا اور امن کو بگاڑنے والی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار رچہ کنڈہ پولیس کمشنر سدھیر بابو نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں پولیس کمشنر رچہ کنڈہ کی حیثیت سے اپنے عہدے کا جائزہ حاصل کرلیا ۔ انہوں نے کمشنریٹ کے اعلی عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کیا اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ٹریفک جرائم پر قابو پانے منشیات کے خلافن کارروائیوں کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رچہ کنڈہ کمشنریٹ میں خواتین کا تحفظ اور ان کی خوشحالی اولین ترجیحات میں ہوں گی ۔ کمشنر نے کہا کہ ڈیجیٹل آلات کے استعمال میں اضافہ اور سائبر جرائم میں اضافہ پر روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شی ٹیموں کو مزید مستحکم کیا جائے گا ۔ اور منشیات کے چلن پر روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سائبر جرائم کے متعلق عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا ۔ اور عوامی مسائل کی فوری یکسوئی کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ پولیس ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کو اہمیت دی جائے گی ۔ روڈی عناصر اور اراضیات کے معاملات اور لینڈ گرائبرس پر خصوصی نظر رکھی جائے گی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ترون جوشی و دیگر موجود تھے ۔ ع