نظام آباد۔3 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے صحافت کے لیے جاری کردہ اپنے ایک اعلامیہ میں بتایا کہ کمشنریٹ کہ حدود میں عوام کے امن و امان کو متاثر کرنے والے کسی بھی رویہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ہر شخص کو اس ماہ کی 15 تاریخ تک قواعد و ضوابط کی پابندی کرنا ضروری ہے۔ مسٹر سائی چیتنیا نے کہا کہ ضلع میں مورتیوں کی تنصیب کے لیے کلکٹر کی زیرِ صدارت کمیٹی سے اجازت لینا لازمی ہے۔ بغیر اجازت کے ہجوم والے علاقوں، پارکوں یا سرکاری عمارتوں میں مورتیوں کی تنصیب نہیں کی جا سکتی ہے ۔ ڈی جے سسٹم کے استعمال کے لیے پولیس کی اجازت لازمی ہے اور رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک ڈی جے ساؤنڈ سسٹم پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ اگر کوئی شخص عوامی مقامات پر مائیک یا ڈی جے کے ذریعے جلسے یا میٹنگز منعقد کرنا چاہتا ہے تو اسے متعلقہ حکام سے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازم ہے اگر جلسہ یا میٹنگ 500 افراد پر مشتمل ہو تو اے سی پی سے اور اگر اس سے زیادہ ہو تو پولیس کمشنر سے 72 گھنٹے پہلے اجازت لینی ہوگی۔شاپنگ مالس، سنیما تھیٹرس ہوٹلز، نمائش گاہوں اور تجارتی مقامات پر سیکیورٹی قواعد پر عمل درآمد ضروری ہے۔ ہر شخص قطار میں کھڑا ہو اس کا انتظام متعلقہ انتظامیہ کو کرنا ہوگا۔ڈ رونس کے استعمال پر کنٹرول کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جعلی گلف ایجنٹس کو کرایہ پر مکان دینے سے پہلے متعلقہ پولیس اسٹیشن کو اطلاع دینا لازمی قرار دیا۔عوامی مقامات پر شراب نوشی پر پابندی عائد کرتے ہوئے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی طور پر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔