امن و امان کی برقراری میں مسلم سماج کے رول کی ستائش

   

سوشل میڈیا کے استعمال میں احتیاط کا مشورہ، سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کا دورہ تبلیغی مرکز

حیدرآباد ۔ 9 نومبر (سیاست نیوز) کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے آج شاہین نگر کا تبلیغی جماعت مرکز کا دورہ کیا۔ بالاپور پولیس حدود کے اس علاقہ میں دورہ کرتے ہوئے کمشنر پولیس نے عوام سے ملاقات کی اور مرکز کے ذمہ داران اور مسلم کمیونٹی کے بااثر شخصیات سے حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ بابری مسجد مقدمہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد اس دورہ کو کافی اہمیت دی جارہی ہے۔ حالات کو پرامن بنائے رکھنے میں مسلم سماج کے افراد کے رول کی کمشنر پولیس نے ستائش کی اور میلادالنبیؐ کے موقع پر ریالی اور جلوس کے موقع پر کمشنر پولیس نے نوجوانوں سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی قسم کے بہکاوے کا شکار نہ ہوں بالخصوص سوشل میڈیا کا استعمال احتیاط سے کریں چونکہ بے بنیاد اور غیر درست اطلاعات کو پھیلانے اور اس پر توجہ مرکوز کرنے سے بے چینی پیدا ہوگی۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ نے اس موقع پر مسلمانوں کو میلادالنبیؐ کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر مقامی مسلمانوں نے کمشنر پولیس سے ایرپورٹ روڈ پر ٹریفک سگنلس کی تعیناتی اور پہاڑی شریف کو علحدہ پولیس ڈیویژن کے طور پر تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ کمشنر پولیس نے مقامی عوام کو اس بات کا تیقن دیا کہ وہ بہت جلد اس مسئلہ پر اعلیٰ عہدیداروں اور ذمہ داروں سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں 12 لاکھ روپئے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا تذکرہ کیا۔ اس موقع پر مقامی مسلمانوں نے کمشنر پولیس کو بھروسہ دلایا کہ وہ برقراری امن کیلئے پوری کوشش کریں گے اور پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی پی ٹریفک مسٹر تاج الدین، او ایس ڈی کرائم مسٹر سرینواس، اے سی پی ونستھلی پورم پولیس ڈیویژن مسٹر جے رام، انسپکٹر بالاپور مسٹر سائیدلو کے علاوہ مرکز کے انچارج یحییٰ خاں و دیگر موجود تھے۔