امن و ضبط کی برقراری میں تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست

   

محبوب نگر میں پولیس تحفظ ڈے، ریاستی وزیر آبکاری سرینواس گوڑ کا خطاب

محبوب نگر ۔ 4 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) امن و امان کی برقراری میں پولیس کا کردار بڑا اہم ہے۔ علیحدہ تلنگانہ کے قیام کے بعد امن و ضبط کی برقراری میں تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے آج یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے سلسلہ میں پولیس تحفظ ڈے کے موقع پر منعقدہ پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے آج اپناپلی فلائی اوور سے بھاری وہیکل ریالی کو ہری جھنڈی دکھاکر پروگرام کا آغاز کیا۔ ریالی میں پولیس عہدیداران اور ملازمین کے علاوہ شہر کے عوام اپنی کاروں اور موٹر سائیکلوں کے ساتھ شریک تھے۔ سڑک کے دونوں طرف کھڑے عوام کو وزیر نے ہاتھ ہلاتے ہوئے جواب دیا۔ ریالی اپناپلی، سنگنڈہ، پدماوتی کالونی، نیو ٹاؤن، بس اسٹانڈ سرکل سے تلنگانہ چوراہا پہنچی۔ ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس، دن رات آرام کی پرواہ کئے بغیر عوام کی خدمت اور تحفظ میں مصروف ہے۔ حتی کہ جانوں کی قربانی بھی پولیس ملازمین نے دی ہے۔ انہوں نے ماضی کی حکومتوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی خدمات کے صلہ میں انہیں فلاحی اسکیمات سے محروم رکھاگیا، لیکن تلنگانہ حکومت پولیس کے لئے کئی ایک فلاحی اسکیمات جاری کررہی ہے۔ ماضی میں ہوم گارڈ کی تنخواہ 5 ہزار تھی لیکن آج 30 ہزار دی جارہی ہے۔ پروگرام میں ایم پی منے سرینواس ریڈی، لکشما ریڈی ایم ایل اے جڑچرلہ، الاوینکٹیشور ریڈی ایم ایل اے دیورکدرہ، ضلع کلکٹر روی نائک، ایڈیشنل کلکٹر سیتاراما راؤ، ایس پی کے نرسمہا، ڈی سی ایم ایس چیرمین پربھاکر ریڈی، میونسپل چیرمین نرسمہلو، موڈاچیرمین وینکنا، ایڈیشنل ایس پی راملو، ڈی ایس پی مہیش کے علاوہ پارٹی قائدین اور عوام بڑی تعداد میں موجود تھے۔