نئی دہلی6 اپریل( ایجنسیز) امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے اثرات اب صرف تیل، ڈیزل اور ایل پی جی تک محدود نہیں رہے بلکہ اس کا دائرہ امونیا گیس تک پہنچ گیا ہے، جس نے کولڈ اسٹوریج صنعت اور زرعی معیشت کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ اتر پردیش میں علی گڑھ سے وارانسی تک تقریباً 2500 کولڈ اسٹوریج اس بحران کی زد میں آ چکے ہیں، جس کے نتیجے میں آلو سمیت دیگر زرعی اجناس کے ذخیرہ پر منفی اثرات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔آگرہ میں کولڈ اسٹوریج ایسوسی ایشن کے مطابق ایک سیزن کے دوران اوسطاً 1.5 سے 2 ٹن امونیا گیس استعمال کی جاتی ہے، تاہم حالیہ دنوں میں اس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جہاں پہلے امونیا 60 سے 80 روپے فی کیلو دستیاب تھی، وہیں اب 100 سے 130 روپے فی کیلو تک پہنچ چکی ہے۔مین پوری اور فیروز آباد جیسے اضلاع میں صورتحال مزید سنگین ہے، جہاں قیمتیں تقریباً دوگنی ہو چکی ہیں۔ کولڈ اسٹوریج آپریٹرز کے مطابق گزشتہ سال 70 روپے فی کلو میں دستیاب امونیا اب 140 روپے فی کیلو تک جا پہنچی ہے، جس سے اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔کانپور میں بھی امونیا کی قیمتوں میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہاں گیس کی قیمت 90 سے 95 روپے فی کلو سے بڑھ کر 110 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ H/K