بیروت ،امونیم نائٹریٹ کے دھماکہ سے دہل گیا تھا
حیدرآباد۔ تمل ناڈوں میں چینائی بندرگاہ پر 2015 سے رکھے گئے امونیم نائٹریٹ کو حیدرآباد کے لئے روانہ کیا گیا ہے۔ امونیم نائٹریٹ سے بھرے 10 کنٹینر شہر حیدرآباد کے لئے روانہ ہو چکے ہیں جو کہ آن لائن ہراج کے دوران حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر نے خریدے ہیں۔ بیروت میں غیر محفوظ طریقہ سے رکھے گئے 740 میٹرک ٹن امونیم نائٹریٹ سے ہونے والے دھماکہ میں 150 افراد کی موت واقع ہوگئی تھی جس کے بعد دنیا بھر میں جہاں کہیں کیمیکل اور بالخصوص پھٹنے والے خطرناک قسم کے کیمیکل موجود ہیں انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔چینائی میں کسٹمس کی جانب سے ضبط کئے گئے امونیم نائیٹریٹ کو ہراج میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی کمپنی نے آن لائن حاصل کیا ہے جو کہ حیدرآباد منتقل کیا جا رہاہے ۔نومبر 2015 میں 1.80 کروڑ مالیت کے امونیم نائٹریٹ کو اممان کیمیکلس نامی کمپنی جو کرور کی ہے نے منگوایا تھا لیکن غلط اندراجات کی بنیاد پر کسٹم عہدیداروں نے اس 180 ٹن امونیم نائٹریٹ کو ضبط کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اب اسے آن لائن ہراج کیا گیا جسے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی کمپنی کی جانب سے خریدا گیا ہے اور اتوار کو امونیم نائٹریٹ سے بھرے 10 کنٹینر چینائی سے شہر حیدرآباد کے لئے روانہ کئے جاچکے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ کسٹم عہدیداروں نے امونیم نائٹریٹ قوانین کی خلاف ورزی کے سبب بھاری مقدار میں اس مادہ کو ضبط کیا تھا اور 2015 سے یہ مادہ چینائی پر موجود بندرگاہ کے گودام میں رہا ۔لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکہ کے بعد امونیم نائٹریٹ کا نام گذشتہ دنوں سے شہ سرخیوں میں ہے اور کسٹمس‘ پولیس اور آتش فرو عملہ کی جانب سے کلیئرنس کے بعد چینائی سے اسے حیدرآباد منتقل کیا جا رہاہے۔