امکانی موسمی امراض اور ڈینگو کو روکنے جنگی خطوط پر اقدامات کریں

   

کریم نگر میں عہدیداروں کو ریاستی وزیر گنگولا کملا کر کی ہدایت، چوکسی اور شعور بیداری پر زور
کریم نگر۔ ڈینگو و دیگر موسمی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ریاستی وزیر برائے بہبود پسماندہ طبقات و سیول سپلائیز گنگولا کملاکر نے متعلقہ عہدیدارروں کو یہ ہدایت دی۔ بروز منگل کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ضلع محکمہ صحت و طبابت کے زیراہتمام موسمی امراض کے انسداد کے متعلقہ امور پر اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں 2010 اور 2019 میں کریم نگر ضلع میں ڈینگو مرض کے باعث کافی خوفناک حالات کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ موسم برسات میں وبائی امراض میں اضافے کے خدشہ کے مدنظر محکمہ صحت کے عہدیداران و عملہ چوکس و محتاط رہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور شہری ترقیاتی پروگراموں کے ذریعے ان موسمی امراض کے پھیلاؤ کو کافی حد تک کمی دیکھی گئی۔انہوں نے واضح کیا کہ مشن بھگیرتا اسکیم کے ذریعہ صاف پینے کے پانی کی سربراہی سے موسمی و وبائی امراض میں کافی حد تک کمی آئی ہے۔ پانچ سال قبل موسم برسات میں بارش کے تھمنے کے بعد ریاست میں ڈینگو وبا کا تیزی سے پھیلاؤ دیکھا گیا پچھلی صورتحال کے دوبارہ رونما سے قبل ملیریا و ڈینگو کے معاملات میں اضافے کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور تمام اضلاع میں کٹس دستیاب کئے جارہے ہیں۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ سرکاری مدرسوں اور رہائشی تعلیمی اداروں میں دوپہر کے کھانے کے معیار کی جانچ کیلئے عہدیداروں کو واضح ہدایات دئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ نائب تحصیلدار ضلع کے تمام ہاسٹلز کا دورہ کریں اور کھانے پینے کی اشیاء کی جانچ کریں۔ وزیر موصوف نے ضلع انتظامیہ کو صحت عامہ کے تحفظ کے لیے چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔وزیر گنگولا کملاکر نے کہا کہ کورونا معاملات میں ہورہے بتدریج اضافہ کے پیش نظر عوام محتاط رہیں اور تمام اہل افراد لازمی طور پر کوویڈ ٹیکہ کی بوسٹر ڈوز لیں ۔ ضلع کلکٹر آر وی کرنن نے کہا کہ ضلع میں ڈینگو اور ملیریا امراض کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں، ایم پی ڈی او میونسپل اور کمشنروں کے ساتھ ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ضلع میں ہر منگل اور جمعہ کے دن ڈرائی ڈے کا اہتمام کیا جارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سرکاری دواخانے، حضورآباد ، جمی کنٹہ دواخانوں میں موسمی امراض میں مبتلا مریضوں کو بہترین طبی خدمات کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ امراض کے پھیلاؤکو روکنے مکانات اور ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے عوام میں شعور بیداری کی جارہی ہے۔اس اجلاس میں ضلع پریشد صدر نشین کنوملا وجیا ، مئیر وائی . سنیل راؤ، ایم ایل سی پی. کوشک ریڈی، چپہ دنڈی رکن اسمبلی سنکے . روی شنکر، میونسپل وائس چیرپرسن چلّہ، سواروپارانی، ڈسٹرکٹ لائبریری کارپوریشن چیرمین اینوگو ۔ رویندر ریڈی، ایڈیشنل کلکٹر مجالس مقامی گریما اگروال، ایڈیشنل کلکٹر شیام پرساد لال، ضلع عہدیدار برائے صحت و طبابت ڈاکٹر جویریا، زیڈ پی سی ای او پرینکا، ضلع سرکاری دواخانے کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رتنامالا، ضلع عہدیداروں، طبی عہدیداروں و دیگر نے شرکت کی۔