ممبئی ۔ ہندوستان میں جب بھی بڑے سوپر اسٹارزکی بات ہوتی ہے تو سب سے پہلے امیتابھ بچن اور رجنی کانت کا نام آتا ہے۔ دونوں نے ملک کا نام فخر سے بلندکیا اور پوری دنیا میں مقبولیت حاصل کی۔ ہندوستان میں دونوں میگا اسٹارز کے مداحوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور شائقین ہمیشہ ان کی فلموں کا انتظار کرتے ہیں۔ دونوں اداکاروں نے کچھ مواقع پر ایک ساتھ کام بھی کیا ہے۔ اب ایک بار پھر امیتابھ اور رجنی کانت ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ بالی ووڈ سوپر اسٹار امیتابھ بچن 32 سال بعد ایک بار پھر ساؤتھ کے میگا اسٹار رجنی کانت کے ساتھ فلم کرنے جارہے ہیں۔ فلم کا نام فی الحال تھلائیور170 رکھا گیا ہے لیکن یہ منفرد جوڑی اس سے قبل بھی کئی بار فلموں میں ایک ساتھ کام کرتی نظر آ چکی ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ اس سے پہلے وہ کون سے مواقع تھے جب ان دونوں اداکاروں کو سلور اسکرین پر ایک ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔1۔ گرفتار ۔ سال 1985 میں فلم گرفتارکی بات کریں تو اس فلم میں تین بڑے اداکار ایک ساتھ نظر آئے، جو دوبارہ کبھی کسی فلم میں ایک ساتھ کام کرتے نظر نہیں آئے۔ ان میں سے ایک بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن، دوسرے ساؤتھ انڈسٹری کے میگا اسٹار رجنی کانت اور تیسرے ساؤتھ کے سوپر ٹیلنٹڈ اداکار کمل ہاسن تھے۔ فلم نے کمال کیا اور سال 1985 کی تیسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی۔2۔ اندھا قانون ۔ امیتابھ بچن اور رجنی کانت کی جوڑی ایک بار پھر فلم آندھا قانون میں ایک ساتھ نظر آئی۔ اس فلم میں امیتابھ ڈبل رول میں تھے اور رجنی کانت کا کیمیو رول تھا لیکن مداح دونوں اداکاروں کو ایک اسٹیج پر ایک ساتھ کام کرتے دیکھ کر بہت پرجوش تھے۔3۔ ہم۔ امیتابھ بچن نے بالی ووڈ میں کئی ملٹی اسٹارر فلموں میں کام کیا ہے۔ رجنی کانت کے علاوہ انہوں نے اپنی اگلی نسل کے اداکارگووندا کے ساتھ بھی کام کیا ہے لیکن ایک فلم ایسی بھی تھی جس میں امیتابھ بچن کے ساتھ گووندا اور رجنی کانت دونوں نظر آئے تھے۔ فلم ہم تھی۔ اس میں رجنی کانت اورگووندا نے امیتابھ بچن کے چھوٹے بھائیوں کا کردار ادا کیا تھا۔ شائقین نے اس فلم کو بہت پسند کیا اور آج بھی جب یہ فلم ٹی وی پر آتی ہے تو لوگ اسے بڑی دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔