نئی دہلی 24 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) میگا اسٹار امیتابھ بچن کو آج دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ۔ یہ ایوارڈ فلمی صنعت میں ان کی خدمات کے عوض سال 2018 کیلئے دیا گیا ۔ یہ فلمی دنیا کا سب سے بڑا ایوارڈ ہے ۔ 76 سالہ امیتابھ بچن نے فلمی دنیا میں 50 سال بھی پورے کرلئے ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے ٹوئیٹر پر اس ایوارڈ کی توثیق کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دو نسلوں کی تفریح کا ذریعہ بننے والے افسانوی اداکار امیتابھ بچن کو اتفاق رائے سے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ اس انتخاب پر سارا ملک اور بین الاقوامی برادری مسرور ہے ۔ وہ خود بھی امیتابھ بچن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ ایوارڈ ہندوستانی سنیما کے بانی سمجھے جانے والے دھندی راج گوند پھالکے کے نام سے موسوم ہے جو 1969 میں شروع کیا گیا تھا ۔ اسی سال امیتابھ بچن نے ہندی فلموں میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا ۔یہ ایوارڈ کسی بھی ہندوستانی فنکار کیلئے اعلی تیرن ایوارڈ سمجھا جاتا ہے ۔ اس میں ایک سونے کا کمل ‘ میڈل ‘ ایک شال اور دس لاکھ روپئے کا نقد انعام شامل رہتا ہے ۔ امیتابھ بچن نے اس ایوارڈ کے ملنے پر خود مسرت کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ یہ ان کی خدمات کا اعتراف ہے ۔ اسی طرح ساری فلمی صنعت ‘ سیاسی قائدین ‘ مرکزی و ریاستی وزراء اور کئی سماجی تنظیموں اور فلمسازوں نے بھی مسرت کا اظہار کیا ہے اور امیتابھ بچن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ایوارڈ کے حقیقی مستحق تھے ۔ امیتابھ بچن نے اپنے کیرئیر میں بے شمار کامیاب فلموں میں کام کیا ہے ۔