ممبئی۔ 11 اکتوبر (یو این آئی) بالی ووڈ میں اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کو مسحور کرنے والے عظیم اداکار امیتابھ بچن آج 83 برس کے ہو گئے ۔ امیتابھ بچن نہ صرف ہندستانی فلم انڈسٹری بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک ممتاز اور بااثر شخصیت ہیں۔ ان کا کیریئر، آواز، شخصیت اور زندگی کا سفر کئی نسلوں کے لیے ایک مثال ہے ۔امیتابھ بچن11 اکتوبر 1942 کو الہ آباد میں پیدا ہوئے ۔ امیتابھ بچن نے اپنے کیریئر کی شروعات کلکتہ میں ایک سپر وائزر کے طور پر کی، جہاں انہیں 800 روپے ماہانہ تنخواہ ملتی تھی۔ سال 1968 میں کلکتہ کی نوکری چھوڑ کر وہ ممبئی آ گئے ۔ بچپن سے ہی امیتابھ کا رجحان اداکاری کی طرف تھا، اور دلیپ کمار سے متاثر ہو کر وہ انہی کی طرح اداکار بننا چاہتے تھے ۔سال 1969 میں انہیں پہلی بار خواجہ احمد عباس کی فلم ’سات ہندوستانی‘ میں کام کرنے کا موقع ملا، لیکن فلم کامیاب نہ ہو سکی اور امیتابھ کو زیادہ پہچان نہیں مل سکی۔ 1971 میں امیتابھ بچن کو راجیش کھنہ کے ساتھ فلم ’آنند‘میں اداکاری کا موقع ملا۔ راجیش کھنہ جیسے بڑے سوپر اسٹار کی موجودگی کے باوجود امیتابھ نے ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کیا، اور اس فلم کے لیے انہیں فلم فیئر بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ملا۔امیتابھ بچن کے فلمی کیریئر میں اصل کامیابی پرکاش مہرہ کی فلم ’زنجیر‘(1973) سے آئی، جس کے بعد وہ فلم انڈسٹری میں ایک باقاعدہ اداکار کے طور پر ابھرے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ زنجیرمیں امیتابھ کو موقع اتفاقاً ملا۔ پہلے یہ فلم دیوآنند اور پھر راج کمار کو آفر کی گئی، لیکن دونوں نے کسی وجہ سے انکار کر دیا۔اُسکے بعد کیا ہوا اس سے ملک کا بچہ بچہ واقف ہے۔ اُن کی مشہور فلموں میں مسٹر نٹور لال، دیوار، شعلے، سلسلہ، دو انجانے، شکتی اور باغبان قابل ذکر ہیں۔ امیتابھ بچن آج کل فلموں کے علاوہ مشہور ٹی وی شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کی میزبانی بھی کرتے ہیں۔