امیتھی میں وزیراعظم کا اوّلین جلسہ عام

   

امیتھی 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج امیتھی میں اپنے پہلے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ یہ صدر کانگریس راہول گاندھی کا انتخابی حلقہ ہے۔ 2014 ء میں برسر اقتدار آنے کے بعد وزیراعظم کا اِس علاقہ میں اوّلین جلسہ عام ہے۔ اُنھوں نے AK-203 رائفلس کے پیداواری کارخانے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیراعظم مودی آج جلسہ عام سے خطاب کے بعد بہار کے شہر پٹنہ پہونچے۔ وہاں اُنھوں نے کہاکہ امیتھی روایتی طور پر گاندھی خاندان کا وفادار علاقہ ہے اور اُن کی حکومت کے ’’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘ میں اِس کے باوجود شامل ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جو ہماری تائید میں ووٹ دیں گے اور جو نہیں دیں گے اُن سب کو ترقی میں حصہ دیا جائے گا۔ کارخانے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اُنھوں نے کہاکہ یہ جدید رائفلیں امیتھی میں روس ۔ ہند مشترکہ کوشش کے ذریعہ تیار کی جائیں گی۔ اِنھیں ’’میڈ اِن امیتھی‘‘ کی حیثیت سے جانا جائے گا اور یہ ہمارے فوجیوں کے نکسلائٹس اور دہشت گردوں کے ساتھ انکاؤنٹر میں کام آئیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق حکومتوں نے فوج اور اُس کی ضرورتوں کو نظرانداز کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ اُن کا اوّلین دورہ امیتھی ہے۔ 2014 ء میں برسر اقتدار آنے کے بعد اُنھوں نے پڑوسی حلقہ رائے بریلی کو بھی اپنے دورہ کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔ رائے بریلی صدرنشین یو پی اے سونیا گاندھی کا حلقۂ انتخاب ہے۔ مودی نے کہاکہ وہ ڈسمبر میں رائے بریلی کا دورہ کریں گے۔