امیتی یونیورسٹی کے چانسلر اتل چوہان کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات

   

حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست (سیاست نیوز) امیتی (Amity) یونیورسٹی کے چانسلر اتل چوہان نے نئی دہلی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی ۔ انہوں نے یونیورسٹی کی جانب سے تلنگانہ میں تعلیمی خدمات کی فراہمی کا تیقن دیا۔ امیتی یونیورسٹی اسکل ڈیولپمنٹ کے شعبہ میں تلنگانہ حکومت کے ساتھ اشتراک کرے گی۔ اتل چوہان نے تلنگانہ میں تعلیمی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کی مساعی میں تعاون کا یقین دلایا۔ ملاقات کے دوران اتل چوہان نے ریاستی کابینہ کی جانب سے یونیورسٹی کے قیام کو منظوری دیئے جانے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے حصہ کے طور پر یونیورسٹی ینگ انڈیا اسکل ڈیولپمنٹ یونیورسٹی سے یادداشت مفاہمت کرے گی تاکہ اسکل ڈیولپمنٹ میں حکومت سے اشتراک کیا جاسکے۔ اتل چوہان نے یونیورسٹی میں طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے دستیاب اعلیٰ سہولتوں اور تدریس کے مواقع سے واقف کرایا۔ امیتی یونیورسٹی پہلے ہی سے معیاری تعلیم کیلئے شہرت رکھتی ہے اور اب وہ تلنگانہ میں مزید بہتر کارکردگی کی مساعی کرے گی۔ اس موقع پر امیتی یونیورسٹی کے نمائندے رام چندرم بھی موجود تھے۔1