نئی دہلی 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج کہاکہ پاکستان میں جیش محمد کے تربیتی کیمپوں پر ماقبل طلوع کئے گئے حملوں میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد کے بارے میں بی جے پی کے صدر امیت شاہ اب مسلح افواج سے متضاد موقف اختیار کررہے ہیں۔ امیت شاہ نے اتوار کو کہا تھا کہ فضائی حملوں میں 250 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ مسلح افواج نے باضابطہ طور پر کوئی تعداد نہیں بتائی تھی۔ کجریوال نے ہندی میں ٹوئیٹ کیاکہ ’مسلح افواج بھی یہی کہہ رہی ہیں۔ امیت شاہ نے کہا تھا کہ مسلح افواج غلط کہہ رہی ہیں۔ درحقیقت 250 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس طرح امیت شاہ مسلح افواج کو جھوٹی قرار دے رہے ہیں اور قوم اس بات کو برداشت نہیں کرے گی۔ کجریوال نے ایک مرکزی وزیر ایس ایس اہلوالیہ کے بیان کا حوالہ بھی دیا جنھوں نے کہا تھا کہ فضائی حملوں کا مقصد کسی کو ہلاک کرنا نہیں بلکہ سخت پیغام دینا تھا۔