40 امیدواروں کی بی جے پی کی پہلی فہرست تیار، وزیرداخلہ انتخابی حکمت عملی تیار کریں گے
حیدرآباد ۔ 26 اگست (سیاست نیوز) مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ 27 اگست کو کھمم میں جلسہ عام سے خطاب سے بی جے پی کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کریں گے۔ امیت شاہ کے جلسہ کو کامیاب بنانے بی جے پی سے بڑی تیاریاں کی گئی ہیں۔ بی جے پی سے مقابلہ کرنے والے 40 امیدواروں کی پہلی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔ امیت شاہ سے مشاورت کے بعد اس کو قطعیت دی جائے گی۔ بی جے پی تلنگانہ میں اپنی سیاسی طاقت کو بڑھانے بڑے پیمانے پر کام کررہی ہے۔ ذرائع کے بموجب امیدواروں کی پہلی فہرست تیار ہوگئی ہے۔ اس میں صرف ایک دعویداری والے 20 حلقوں کے امیدواروں کا انتخاب کیا گیا جن میں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی یا ان کی شریک حیات۔ بنڈی سنجے، ڈاکٹر لکشمن، ایٹالہ راجندر، ڈی اروند، رگھونندن راؤ، کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی، رکن پارلیمنٹ ایس باپو راؤ، اے مہیشور ریڈی، جی ویویک، وجئے شانتی، کونڈا وشویشور ریڈی، پی سدھاکر ریڈی، ڈی کے ارونا یا ان کی دختر، بابو موہن، جتیندر ریڈی یا ان کے فرزند کے نام شامل ہیں۔ اسکے علاوہ مزید 20 اسمبلی حلقوں پر دو یا تین امیدواروں کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ چند دن قبل دہلی میں بی جے پی انتخابی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا، جس میں مدھیہ پردیش و چھتیس گڑھ کیلئے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی گئی ہے ۔ تلنگانہ امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا اور تلنگانہ بی جے پی صدر و جی کشن ریڈی کو ہدایت دی گئی تھی کہ امیت شاہ کے دورہ تلنگانہ تک پہلی فہرست تیار کرلی جائے۔ پارٹی قیادت کی ہدایت پر کشن ریڈی نے امیدواروں کی پہلی فہرست تیار کرلی ۔ 27 اگست کو کھمم کے جلسہ میں شرکت کرنے امیت شاہ پہنچ رہے ہیں۔ جلسہ سے قبل یا جلسہ کے بعد وہ پارٹی کے اہم قائدین سے ملاقات کرکے انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیں گے اور بی جے پی کی تیار کردہ امیدواروں کی پہلی فہرست پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ن