کھمم میں 15اور ناگرکرنول میں 25 جون کو جلسہ، وزیراعظم مودی کا جلسہ یا روڈ شو بھی زیرغور
حیدرآباد۔/6 جون، ( سیاست نیوز) بی جے پی کی قومی قیادت نے تلنگانہ پر اپنی ساری توجہ مرکوز کردی ہے۔ 15 جون کو کھمم میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ شرکت کریں گے جبکہ 25جون کو ناگر کرنول میں منعقد ہونے والے جلسہ عام سے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا خطاب کریں گے۔ جون کے اواخر میں وزیر اعظم نریندر مودی کا ملکاجگیری میں روڈ شو کرانے یا نلگنڈہ میں جلسہ عام منعقد کرانے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ کرناٹک میں بی جے پی کو شکست ہونے کے بعد تلنگانہ میں بی جے پی قائدین کے حوصلے پست ہوگئے ہیں۔ پارٹی کے بیشتر قائدین کانگریس سے رابطے میں ہیں۔ دوسری جانب پارٹی قائدین کے اختلافات اور گروپ بندیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ تلنگانہ کے تازہ حالات سے بی جے پی کی قیادت پریشان اور فکرمند ہوگئی ہے۔ پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش بھرنے کیلئے تلنگانہ میں جاریہ ماہ دو بڑے جلسہ عام اور ایک روڈ شو کرنے کی تیاریاں جاری ہیں جس میں وزیر اعظم نریندر مودی حکومت کی 9 سالہ کامیابیوں کو عوام تک پہنچانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی بی جے پی قائدین کو کانگریس میں شامل ہونے سے روکنے کیلئے خصوصی پلان تیار کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں پارٹی کے اہم اور سینئر قائدین کو دہلی طلب کیا گیا ہے تاکہ تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جاسکے۔ قومی قیادت کی طلبی پر تلنگانہ بی جے پی کے کئی قائدین دہلی پہنچ چکے ہیں۔ ماہ جون سے ہی بی جے پی نے تلنگانہ میں انتخابی مہم کا عملاً آغاز کرنے کی تیاریاں کرلی ہیں مگر بی جے پی قیادت کا یہ پلان کتنا کارآمد ہوگا یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔ مایوسی کا شکار تلنگانہ بی جے پی کیڈر میں نیا جوش و خروش بھرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کرناٹک کی شکست سے بی جے پی سبق حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ 15 جون کو کھمم میں بی جے پی کا ایک جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے جس میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ شرکت کریں گے۔ اس طرح 25 جون کو ناگر کرنول میں منعقد ہونے والے بی جے پی کے جلسہ عام میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا شرکت کریں گے۔ بی جے پی کے ان دونوں اہم قائدین کے پروگرامس کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ ساتھ ہی تلنگانہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کے متعلق بی جے پی کے قائدین نے مسودہ پروگرام تیار کیا ہے۔ن
مودی کے دورہ تلنگانہ پروگرام کے بارے میں وزیر اعظم دفتر کے گرین سگنل کا انتظار کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم کا نلگنڈہ میں جلسہ عام منعقد کرنے یا ملکاجگیری میں روڈ شو منعقد کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ن