امیت شاہ اور جے پی نڈا کے دورہ حضور آباد پر تجسس برقرار

   

بنڈی سنجے اور ایٹالہ راجندر قومی قائدین سے ربط میں

حیدرآباد۔/24اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حضورآباد کی انتخابی مہم کے اختتام کو محض تین دن باقی ہیں لیکن بی جے پی قائدین کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے دورے کے بارے میں ابھی تک کوئی پروگرام موصول نہیں ہوا ہے۔ بی جے پی نے اعلان کیا تھا کہ انتخابی مہم میں یہ دونوں قائدین حصہ لیں گے۔ بی جے پی قائدین نے مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی کے قومی صدر سے ملاقات کرتے ہوئے مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی تھی لیکن ابھی تک دونوں قائدین کی جانب سے پروگرام کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے جس کے سبب بی جے پی قائدین میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی صدر بنڈی سنجے اور پارٹی امیدوار ایٹالہ راجندر نئی دہلی میں قائدین سے مسلسل ربط میں ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ انتخابی مہم کے کم از کم آخری دن دونوں میں کوئی ایک حضورآباد کا دورہ کریں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی انتخابی مہم میں امیت شاہ، جے پی نڈا اور دیگر قومی قائدین نے حصہ لیا تھا۔ پارٹی قائدین کا کہنا ہے کہ ایسے وقت جبکہ حضورآباد میں بی جے پی کا موقف مستحکم ہے امیت شاہ یا جے پی نڈا کی آمد سے پارٹی کی کامیابی کے امکانات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ بعض گوشوں کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بی جے پی کے قومی قائدین کو حضورآباد کے دورہ سے روکنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ر