بی جے پی ریاست میں متبادل بننے کوشاں۔ عام آدمی پارٹی کی توجہ بھی ریاست پر مرکوز
حیدرآباد۔20 مارچ(سیاست نیوز) آئندہ ماہ 14 اپریل کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال تلنگانہ میں ہوں گے! عام آدمی پارٹی نے 14اپریل کو امبیڈکر جینتی کے موقع پر تلنگانہ میں پدیاترا کے آغاز کا اعلان کیا ہے اور پارٹی کی پدیاترا کے افتتاح کیلئے اروند کجریوال کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق عام آدمی پارٹی کنوینر تلنگانہ اندرا شوبھن نے تلنگانہ انچارج رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی سے بات چیت کرلی ہے۔ عام آدمی پارٹی کی سرگرمیوں کے دوران بی جے پی نے بھی اعلان کیا ہے کہ بی جے پی ریاستی صدر بنڈی سنجے نے 14اپریل کو امبیڈکر جینتی کے موقع پر پدیاترا کے احیاء کا اعلان کیا ہے اور اس کے آغاز کیلئے وزیر داخلہ امیت شاہ کو مدعو کر رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ 14 اپریل کو تلنگانہ پر پہنچیں گے اور جنگاؤں سے بنڈی سنجے کی پدیاترا کا افتتاح کرینگے ۔ عام آدمی پارٹی کی پنجاب میں کامیابی اور دیگر ریاستوں میں ارکان اسمبلی کے انتخاب کے بعد توجہ تلنگانہ پر ہے اور کوشش کر رہی ہے کہ راست عوام کے درمیان پہنچ کر ریاستی حکومت کی بدعنوانیوں کا انکشاف کیا جائے۔ کنوینر عام آدمی پارٹی اندرا شوبھن نے بتایا کہ وہ اور سومناتھ بھارتی تلنگانہ کے تمام 119 حلقہ جات اسمبلی کے دورہ کا منصوبہ رکھتے ہیں اور حلقہ واری اساس پر پارٹی کارکنوں سے مشاورت جاری ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ان کی کوشش ہے کہ امبیڈکر جینتی کے موقع پر اروند کجریوال کو تلنگانہ مدعو کیا جائے ۔ بی جے پی قائدین کا کہناہے کہ تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے استحکام اور عوامی مسائل کو حل کرنے سرگرم ہے اور ریاستی صدر بی جے پی اپنی پدیاترا کے احیاء کیلئے تیار ہیں۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی نے بھی حکومت کی بدعنوانیوں کو نشانہ بناتے ہوئے عوام کے درمیان پہنچنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کی تلنگانہ میں سرگرمی میں اضافہ سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ریاست میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کو نشانہ بنانے منظم کوشش کی جار ہی ہے اور چندر شیکھر راؤ کے خلاف بی جے پی کی جانب سے بھی سخت محاذ تیار کیا جا رہاہے۔