حیدرآباد۔ اپنے دورہ قومی دارالحکومت کے موقع پر اے پی کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج دوبارہ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔کل شب بھی امیت شاہ سے ان کی ملاقات ہوئی تھی تاہم آج صبح انہوں نے ایک مرتبہ پھر ان سے ملاقات کی۔منگل کی شب ہوئی امیت شاہ سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے اے پی تنظیم نو قانون کے مطابق اس تلگو ریاست کے لئے مرکز کی امداد پر بھی بات چیت کی۔انہوں نے دیشا ایکٹ، قانون ساز کونسل کو منسوخ کرنے اور پارلیمنٹ میں دو بلز کی منظوری پر بھی زور دیا۔اے پی کی ترقی اور ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر بھی دونوں لیڈروں کی گفتگو رہی۔قبل ازیں جگن نے مرکزی وزیر جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت سے بھی ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر تقریبا20منٹ تک بات چیت کی۔بتایاجاتا ہے کہ اس ملاقات میں آبپاشی کے پانی کے ساتھ ساتھ پولاورم پروجیکٹ کو مرکزی فنڈس کی فراہمی، ریاست کے بعض دیگر پروجیکٹس کو مرکزی امداد پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ جگن نے پولاورم پروجیکٹ کی دسمبر2021تک تکمیل کے لئے امید ظاہر کی ہے ۔جگن موہن ریڈی کے ساتھ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ وجئے سائی ریڈی، متھن ریڈی اور دوسرے موجود تھے ۔