سرینگر ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اور گورنر جموں و کشمیر ستیہ پال ملک نے آج ریاست کی مساویانہ ترقی سے متعلق وسیع تر مسائل پر بات چیت کی۔ گورنر نے کشمیر اور لداخ کی بہترین دستکاری والی اشیاء امیت شاہ کو پیش کئے اور شری ماتا وائشنو دیوی شرائن بورڈ کا یادگاری سکہ بھی پیش کیا۔ گورنر نے وزیرداخلہ کا اس ریاست کے دورہ پر شکریہ ادا کیا۔ امیت شاہ ریاست کی سیکوریٹی صورتحال کا جائزہ لینے دو روزہ دورہ پر گذشتہ روز یہاں پہنچے۔ انہوں نے سالانہ امرناتھ یاترا کیلئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ امیت شاہ نے گذشتہ ماہ اپنی وزارت کا جائزہ لینے کے بعد اپنے پہلے دورہ کیلئے جموں و کشمیر کا انتخاب کیا۔
