امیت شاہ نے تلنگانہ کیلئے خصوصی ماسٹر پلان تیار کیا

   

قبل از وقت انتخابات پر ایک حکمت عملی‘ مقررہ وقت پر ہونے والے انتخابات کیلئے دوسری حکمت عملی

حیدرآباد 28 فبروری (سیاست نیوز) مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے دہلی میں بی جے پی قومی صدر جے پی نڈا کی قیامگاہ پر تلنگانہ بی جے پی قائدین کا خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے ماسٹر پلان کو قطعیت دی۔ قبل از وقت انتخابات اور مقررہ وقت پر انتخابات کیلئے علحدہ حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ دہلی شراب اسکام میں سی بی آئی کی چارج شیٹ میں چیف منسٹر کے سی آر کی دختر کے نام کے اندراج کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بی جے پی قومی قیادت شمالی ہند میں کسی قدر مایوسی کے بعد اس مرتبہ جنوبی ہند کی دو ریاستوں کرناٹک اور تلنگانہ سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ اجلاس میں دہلی شراب اسکام میں ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سیسوڈیا کی گرفتاری اور بی آر ایس کی رکن کونسل کے کویتا کے بارے میں بھی غور و خوض کیا گیا۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کی صورت میں کیسے مقابلہ کیا جائے اس پر غوروخوض کیا گیا اور مقررہ وقت پر انتخابات کی صورت میں کونسی حکمت عملی اپنائی جائے اس پر غور کیا گیا۔ امیت شاہ نے تلنگانہ میں بی جے پی کے جن چار لوک سبھا حلقوں پر نمائندگی ہے ، ان کے حدود میں شامل 28 اسمبلی حلقوں میں ماضی میں جن اسمبلی حلقوں پر بی جے پی کی نمائندگی تھی ان حلقوں کے علاوہ جن حلقوں میں بی جے پی دوسرے تیسرے نمبر پر تھی ان کے ساتھ پسماندہ طبقات کیلئے مختص حلقوں کی فہرست تیار کرکے ان میں فوری تیاریاں شروع کرنے پارٹی قائدین کو ہدایت دی ہے۔ بی جے پی کی جانب سے تلنگانہ بھر میں منظم کی گئی 11 ہزار کارنر میٹنگس کے تعلق سے معلومات حاصل کی۔ تلنگانہ حکومت کی ناکامیوں اور وعدوں سے انحراف کے علاوہ متنازعہ موضوع کو چھیڑکر بڑے پیمانے پر ہندو ووٹوں کو متحد کرنے کی پالیسی اپنانے پر زور دیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ عوامی توقعات پر کھرا اترنے بی جے پی نے حکمت عملی تیار کی ہے ۔ بی جے پی کے پاس 119 اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کرنے طاقتور امیدوار موجود ہیں۔ بی جے پی قائدین عوام کے درمیان پہنچتے ہوئے تائید حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی شراب اسکام میں سی پی آئی نے جو چارج شیٹ پیش کی ہے، اس میں کویتا کے نام کا 4 مرتبہ ذکر ہے ۔ سیسوڈیا کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرنے والے چیف منسٹر کے سی آر نے دختر کی چارج شیٹ پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ن